ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کولکاتہ میں ڈاکٹرکی عصمت دری اور قتل کے معاملے پر بھٹکل میں ڈاکٹروں نے نکالی احتجاجی ریلی؛ اے سی کو سونپا میمورنڈم

کولکاتہ میں ڈاکٹرکی عصمت دری اور قتل کے معاملے پر بھٹکل میں ڈاکٹروں نے نکالی احتجاجی ریلی؛ اے سی کو سونپا میمورنڈم

Sat, 17 Aug 2024 19:18:42    S.O. News Service

بھٹکل ، 17/ اگست (ایس او نیوز) کولکاتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج میں پوسٹ گریجویشن کی زیر تربیت ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے معاملے پر دکھ اور مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کرناٹکا سرکاری ڈاکٹروں کی یونین بھٹکل شاخ کی جانب سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کے توسط سے اتر کنڑا ضلع ڈپٹی کمشنر کو میمورنڈم سونپا گیا ۔ 
    
سرکاری ڈاکٹروں کے ساتھ بھٹکل کے پرائیویٹ اسپتالوں کے ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف نے بھی احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوتے ہوئے بھٹکل تعلقہ  سرکاری اسپتال سے احتجاجی ریلی نکالی جو ساگر روڈ سے شمس الدین سرکل ہوتے ہوئے   نیشنل ہائی وے ہوتے ہوئے   منی سودھا پہنچ کر  اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نینا کو میمورنڈم پیش کیا۔

میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ کولکاتہ میں زیر تربیت ڈاکٹر کے ساتھ جو بھیانک واردات  پیش آئی  ہے، ہم اس پر  سخت غم و غصہ کا اظہار  کرتے ہیں۔ احتجاجی ڈاکٹروں نے  متعلقہ واردات کو  انسانیت کو شرمسار کرنے والی واردات قرار دیتے ہوئے  کہا کہ طبی میدان میں عوامی خدمات انجام دینے والی خواتین کو انتہائی غیر محفوظ حالات میں  کام کرنا پڑتا ہے  اور  سماجی فلاح کے نقطہ نظر سے اس طرح کی درد ناک وارداتیں پیش آنا نہایت بدبختی کی بات ہے ۔ 
    
ڈاکٹروں نے اس غیر انسانی واردات کے ذمہ داروں کے لئے سخت ترین سزا کا مطالبہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ  آئندہ ایسی مجرمانہ کارروائیوں پر روک تھام لگانے کی سمت میں سرکاری طور پر سخت قوانین بنائے جائیں اور انہیں لاگو  بھی کئے جائیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بھٹکل تعلقہ ہیلتھ آفسر ڈاکٹر سویتا کامتھ نے  عوام الناس سے بھی درخواست کی کہ اس مشکل گھڑی میں عوام بھی  ڈاکٹروں کا ساتھ دیں اور خواتین کے ساتھ ہورہی ظلم و زیادتی کے خلاف  آواز بلند کریں۔ اس موقع پر  ڈاکٹر ستیش، ڈاکٹر سُرکشیت،  ڈاکٹر وینا، ڈاکٹر نادیہ،  ڈاکٹر وانی بھٹ،  ڈاکٹر سواتی وغیرہ موجود تھے۔

 


Share: